7 ستمبر 2015 - 18:29
کشمیر؛ سرحدی علاقوں پر مسلسل گولہ باری، ایک شہری جانبحق

جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی گولہ باری کے نتیجے میں ایک عام شہری جانبحق اور دوسرا زخمی ہوا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سرحدی علاقے پونچھ میں ہند و پاک کی افواج کے درمیان کم و بیش کراس فائرنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے کشمیر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اس علاقے میں دونوں ملکوں کی افواج کے مابین تازہ کشیدگی کے نتیجے میں ایک عام شہری لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کی حد متارکہ پر واقع ساوجیاں علاقے میں دو عام شہری اپنے معمول کے مطابق گھاس کی کٹائی کر رہے تھے کہ ایک مارٹرشیل کی زد میں آکر بری طرح سے زخمی ہوگئے ۔ مسلسل فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے انہیں وہاں سے ہسپتال منتقل کرنے میں دیر لگی تاہم بعد میں پولیس اورمقامی لوگوں نے انہیں منڈی ہسپتال لایا جہاں ڈاکٹروں نے ایک شہری کو مردہ قرار دیا جبکہ دوسرے کو اسی ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیاہے ۔ لقمہ اجل بنے شہری کی شناخت 24سالہ عبدالحمید ولد کمال دین ساکن کیرنی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اس واقعہ میں43سالہ عبدالرشید ولد عبدالعزیز ساکن ڈنوگام ساوجیاں زخمی ہواہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ مہینے مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں چھ عام شہری ہلاک ہوئے تھے ۔ وہیں ہندوستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجہ میں پاکستان کے بھی درجنوں شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲